پریاگ راج27؍فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پریاگ راج میں اُمیش پال اور ان کے گن مین کا دن دہاڑے قتل کیے جانے کے معاملے میں قتل میں شامل بتائے جا رہے ایک ملزم کو اترپردیش پولیس نے انکاؤنٹر میں ڈھیر کر دیا ہے۔ ہلاک ملزم کا نام ارباز بتایا جا رہا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ایس او جی اور پریاگ راج پولیس نے نہرو پارک کے جنگل میں اس انکاونٹر کو انجام دیا۔ بتایا جارہا ہے کہ باقی ملزمین کی تلاش تیز کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بی ایس پی رکن اسمبلی راجو پال قتل معاملہ کے اہم گواہ امیش پال کا جمعہ کی شام اتر پردیش کے پریاگ راج میں ان کی رہائش گاہ کے قریب گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ پریاگ راج میں ہیونڈائی کریٹا ایس یو وی کی پچھلی سیٹ سے وہ اتر رہے تھے کہ انہیں گولی مار کر قتل کر دی گئی۔ پال کو سوروپ رانی نہرو اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔ پال کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ انہیں سات گولیاں ماری گئی تھیں۔
قتل کے بعد اُمیش پال کی بیوی جیہ پال نے پریاگ راج پولیس تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ یاد رہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے بھائی اشرف، بیوی شائستہ پروین اور ان کے بیٹوں و کئی دیگر لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات میں معاملہ درج کیا گیاہے۔